تہذیب و تمدن کی بنیادیں!

  • سوموار 28 / ستمبر / 2015
  • 8081

کسی بھی معاشرہ میں رہنے بسنے والے افراد کے عمل وردّ عمل کے پس پشت اس کے عقائدونظریات اور تصورات کارفرما ہوتے ہیں۔عقائد میں سب سے اہم عقیدہ انسان کا خود اپنا وجود،مقصد حیات،دنیا میں آنے و جانے کا نظریہ،اور موجود وسائل سے ذات کا تعلق ہے۔انہیں عقائد وتصورات کی بناپر تہذیبیں وجود میں آتی ہیں نیزارتقائی مراحل سے گزرتی ہیں۔پھر یہی وہ تصورات بھی ہیں جن پر چل کر ثقافتیں رائج ہوتی ہیں۔

دوسری جانب دنیا کا ہر شخص ماورائی تصورات کے ساتھ خدا کے وجود،اس کی کبرائی،اختیارات،شکل و ہیئت اور صفات کا نہ صرف تذکرہ کرتا ہے بلکہ مختلف طریقوں سے وابستگی کا اظہار بھی کرتا ہے۔عام الفاظ میں،خدا سے وابستگی کو عبادت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔لہذا اسلام اور اس کی تعلیمات کی روشنی میں اگر عقائد کا تذکرہ کیا جائے تو اول الذکر وحدانیت کا تصور ہے،لا شریک اورایک خدا کا تصور،جس کے بے شمار ناموں میں اہم ترین نام'اللہ'ہے۔وہیں مقصد وجود یا مقصد حیات کے تذکرے میں اسلام صرف اور صرف اللہ کی عبادات پر عمل آوری کے جذبے کو ابھارتا ہے۔نیز ہر اس عمل کو اختیار کرنے کے لیے کہتا ہے جس کو اللہ نے اختیار کرنے کے لئے کہا اورہر اس عمل سے رکنے کے لئے کہتا ہے ،جس سے رکنے کی تعلیم اللہ نے دی ہے۔دنیا میں موجود وسائل و ذات کے تعلق سے ،اسلام صاف طور پر آگاہ کرتا ہے کہ تمام وسائل جو انسان کی قدرت اختیار میں ہیں اور جو اب تک نہیں بھی ہیں، سب کے سب اللہ کے فراہم کردہ ہیں۔لہذا وسائل و ذات کا تعلق بس وہی ہے جسے 'حرام و حلال'میں تقسیم کیا جا چکا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے دنیا میں بے شمار بلکہ لا تعداد چیزیں وسائل کے زمرے میں فراہم کی ہیں۔ان زمرہ جات کو جاندار اور بے جان چیزوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ یہ تمام ہی چیزیں اللہ تعالیٰ کی عطا کر دہ ہیں۔اور ان کی تخلیق کا مقصد اگر کچھ ہے تو صرف یہ کہ وہ انسان کی ضروریات کی تکمیل میں معاون ثابت ہوں۔یعنی دنیا میں موجود ہر شے ء اللہ کی تخلیق شدہ اور انسان کے استعمال کے لیے بنائی گئی ہے۔لہذا'خدا'کا تصور اور دنیا میں موجود چیزیں،ایک ہی عقیدہ کے دو جز ہیں۔اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دنیا میں موجود کوئی بھی شے خدا یا اس کی صفات سے متصف نہیں ہو سکتی، لہذا نہ اس کی پرستش کی جائے گی،نہ ان سے حاجات بیان کی جائیں گی اورنہ ہی انسان سے زیادہ انہیں فوقیت دی جائے گی۔ان کی حیثیت اگر کچھ ہے ،تو اس کے سوا اور کچھ بھی نہیں،کہ وہ انسان کی ضرویات و مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں۔لہذا عبادات کا صرف وہی طریقہ اختیار کیا جائے گا جس میں موجود وسائل دنیا کا عمل دخل نہ ہو۔باالفاظ دیگرظاہر و باطن میں عبادات کا صرف وہی طریقہ اختیار کیا جائے گا،جس میں جاندار و بے جان چیزیں،چھانٹ کر الگ کر دی جائیں،یعنی زمیں و آسمان کے درمیان پائی جانے والی ہر شے خدا ئی تصور میں داخل نہیں ہونی چاہیے۔

اسلامی تعلیمات سے اچھی طرح سمجھا جاسکتا ہے کہ اس میں وجود پذیر تہذیب و تمدن کیسا ہوگا۔انسانوں کی انسانوں پر حکمرانی کی حیثیت کیا ہوگی؟ساتھ ہی دنیا میں موجود جاندار و بے جان چیزوں سے ربط و تعلق اور تصورات ،کیا ہوں گے؟اسلامی تعلیمات کی روشنی میں قائم ہونے والی حکمرانی، میں ہر شخص چاہے وہ حکمراں ہو یا رعایا،عدل و انصاف میں برابر کے اختیارات حاصل ہوں گے۔برخلاف اس کے رائج الوقت حکمرانی و تہذیبوں کو اسلامی نہیں کہا جاسکتا۔ہماری بات کس حد تک صحیح و غلط ہے؟اس کا فیصلہ اہم واقعہ کے پس منظر میں رونما ہونے والی اس حدیث کی روشنی میں جانچی جا سکتی ہے ۔رسول اللہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: " اے لوگو ! تم سے پہلے کے لوگ اس وجہ سے گمراہ ہو گئے کہ جب ان میں کوئی شریف چوری کرتا تھا تو اس کو چھوڑ دیتے تھے اور جب کوئی کمزور آدمی چوری کرتا تو اس پر سزائیں قائم کرتے تھے ۔خدا کی قسم ! اگر محمد کی بیٹی فاطمہ بھی چوری کرے گی تو یقیناًمحمد(صلی اللہ علیہ وسلم) اس کا ہاتھ کاٹ لے گا " (بخاری و مسلم)۔

اسلامی تعلیمات پر قائم معاشرہ کیسا ہوتا ہے؟اس کی دو مثالیں پیش کی گئی ہیں۔آئیے تہذیب وتمدن کے تصور،نظریہ اور معنی و مفہوم کو بھی سمجھتے چلیں۔تہذیب کے لغوی معنی چھانٹنے، اصلاح کرنے، سنوارنے ، درست کرنے، خالص کرنے اور پاکیزہ کرنے کے ہیں۔ اس کا مادہ ہذب ہے۔ عرب بولتے ہیں ہذب ( اس کی تہذیب کی یعنی اس کی اصلاح کی۔ اسے درست کیا۔اور سنوارا)۔اصطلاح میں تہذیب کا لفظ ہر چیز کی درستگی اصلاح پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یعنی ارادہ و نیت کی درستگی اور اصلاح، خیالات وجذبات اور عادات و اطوار ، رسم ورواج اورنظام معاشرت، سیاست و تمدن، سیاست ومنزلت، علوم فنون، تجارت وذراعت اور فکر وعمل کی درستگی و اصلاح۔ غرض تہذیب کا اطلاق سب پر ہوتا ہے۔وہیں محمد مار میڈیوک پکھتال کے الفاظ میں: ’ تہذیب سے مراد انسانی دماغ اور دل کی آراستگی ہے ‘ ( محمد مارمیڈ یوک پکھتال ،خطبات مدراس کا اردو ترجمہ ،تہذیب اسلامی ،مترجم شیخ عطاء اللہ ایم۔ اے)۔

تہذیب کی تشریح کرتے ہوئے سرسید لکھتے ہیں کہ جب ایک گروہ انسانی کسی جگہ اکٹھا ہو کر بستا ہے تو اکثر ان کی ضرورتیں اور حاجتیں، ان کی غذائیں اور پوشاکیں، ان کی معلومات اور خیالات ،ان کی مسرت کی باتیں اور نفرت کی چیزیں سب یکساں ہوتی ہیں۔ اس لئے برائی اور اچھائی کے خیالات بھی یکساں ہوجاتے ہیں۔ برائی کو اچھائی سے تبدیل کرنے کی خواہش سب میں ہوتی ہے۔ اور یہی مجموعی خواہش و تبادلہ اُس قوم یا گروہ کی تہذیب ہے(مقالات سر سید از مولانا محمد اسماعیل پانی پتی )۔تہذیب کی ان تعریفوں کے باوجود مختصراً یہاں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ تہذیبیں،ابتدائی مرحلے میں عقائد و نظریات پر استوار ہوتی ہیں،اوربعد میں معاشرتی میل ملاپ سے ارتقائی منازل طے کرتی ہوئی یا توپستی میں چلی جاتی ہیں یا انہیں عروج حاصل ہوتا ہے۔نیز یہی معاملہ افراد،گروہ و قوموں کے عروج و زوال کا بھی ہے اوراسی پر تمدن کا انحصار ہے ۔

تمدن کا مادہ مدن ہے، جس کے لغوی معنی جگہ ، بستی اور شہر کے ہیں۔اس لحاظ سے اصطلاحی معنوں میں شخصی اور جماعتی آزادی، اور شخصی و اجتماعی حقوق کے قوانین مراد لئے جاتے ہیں۔جہاںآپس میں مل جل کر رہنے کے وہ قواعدجو اخلاقی و روحانی اصولوں پر استوار ہوں اور جن میں اخلاق و فطری خوبیاں اور حقیقی شائستگیاں پائی جاتی ہوں،تمدن کہلاتا ہے۔ساتھ ہی اصطلاح میں تمدن سے مراد وہ باتیں ہیں جو Civilization میں شمار ہوتی ہے۔ مثلاشائستہ ہونا اوربودوباش،یہ سب شہری زندگی اختیار کرنے اور انہیں اپنانے وغیرہ میں آتا ہے۔ دراصل تمدن ضروریات زندگی کی پیداوار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان کی ضروریات رفتہ رفتہ تمدن کو جنم دیتی ہیں۔

موجودہ حالات میں رائج الوقت تہذیب وتمدن نہ صرف دنیا میں بلکہ ہندوستان بوجوہ کمزوریوں کا شکار ہیں۔ اور فرد و اجتماعیت ، ہر دو سطح پر سود مند نہیں ہیں۔ اسی لئے معاشرہ انتشار میں مبتلاہے،خاندان ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں اور ملک اخلاقی پستیوں میں مبتلا ہوچکا ہے۔اس پس منظر میں لازم ہے کہ آفاقی تعلیمات کی روشنی میں،جس کا اسلام نہ صرف دعویٰ بلکہ علی الاعلان چیلنج بھی کرتا ہے،پر سنجیدگی سے غور و خوض کیا جانا چاہیے۔